قومی

  • قومی
  • Nov 08, 2018

ترجمان دفترخارجہ کی اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ

دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاہے کہ آسیہ بی بی عدالتی فیصلے کی روشنی میں جیل سے رہائی کے بعد پاکستان میں محفوظ مقام پرہیں ۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ آسیہ بی بی اب ایک آزاد شہری ہے جن کی رہائی کے فیصلے کے خلاف متعلقہ فریق کی جانب سےسپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائرکی جاچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ آسیہ بی بی کے بیرون ملک چلے جانے کی میڈیاکی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بحر ہند میں بھارتی ایٹمی آبدوز کے گشت شروع کرنے پر پاکستان کو تحفظات ہیں ۔ ایٹمی آبدوز کا اس طرح گشت کرنا خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق برطانوی پارلیمانی گروپ کی رپورٹ کا خیرمقدم کرتاہے ۔رپورٹ سے بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوگیاہے۔انہوں نے کہاکہ افغان طالبان رہنما ملاں برادر کو امریکہ کی درخواست پر رہا کیاگیاہے تاکہ وہ افغان مفاہمتی عمل میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔ ایک سوال پر ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کے پانچ شہری گوانتاناموبے جیل میں قید ہیں ۔