قومی

  • قومی
  • Apr 21, 2017

عدالت عظمی نے وزیراعظم پر لگائے گئے سات الزامات مسترد کر دیئے: وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالت عظمی نے وزیراعظم پر لگائے گئے سات الزامات مسترد کر دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساٹھ دن میں جے آئی ٹی کو تمام سوالوں کے جواب دے کر نئی تاریخ رقم کی جائے گی ۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم سے استعفی کا مطالبہ اور جے آئی ٹی کی نفی کرنے والے عدالتی فیصلے کی توہین کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمی کے اکثریتی فیصلے کے مطابق وزیراعظم پر کسی قسم کا الزام ثابت نہیں ہوا ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مخالفین پاکستان کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں ۔ پارلیمنٹ میں مخالفین کا یہ رویہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے منافی ہے ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن کے بعد بھی وزیراعظم ہوں گے ۔

وزیر اطلاعات نے پاکستان فرنیچر کی ساتویں نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن تمام صنعتوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ اقتصادی راہداری پاکستان کی آنے والی نسلوں کیلئے تحفہ ہے ۔

اس سے پہلے وزیر اطلاعات نے ساتویں نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
نمائش میں ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی طرف سے فرنیچر کے سٹال لگائے گئے ۔ نمائش کا مقصد پاکستان میں فرنیچر انڈسٹری کا فروغ اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہے ۔