ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Apr 21, 2017

وزیراعظم سے سعودی عرب کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر کی ملاقات

وزیراعظم محمدنواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ گہرا جذباتی لگاؤ رکھتے ہیں۔ دونوں ملکوں نےمشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔ اسلام آباد میں سعودی عرب کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر خان حشام بن صدیق سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے علاقائی اور عالمی سطح پر مفادات مشترک ہیں ۔
وزیراعظم نے گزشتہ سال حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت حج سہولتوں میں بہتری پر توجہ دے رہی ہے۔محمدنواز شریف نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ رواں سال حج کے دوران عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کئے جانےو الے انتظامات کی خود نگرانی کریں ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی بہبود بالخصوص قونصلرسروس تک ان کی آسان رسائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ سفیر پاکستانیوں سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کو فوری حل کریں۔محمدنواز شریف نے کہاکہ بڑی تعداد میں پاکستانی اپنے روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہیں ان کو مکمل سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ان کے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے ۔