کرکٹ

  • کرکٹ
  • Apr 20, 2017

پاکستان کپ:خیبر پختون خوانے پنجاب کو35رن سے ہرا دیا

پاکستان کپ کے میچ میں خیبر پختون خوا نے پنجاب کوپینتیس رن سے ہرا دیا۔میچ پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست دکھایا گیا۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے خیبر پختون خوا نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر تین سو تیرہ رن بنائے۔خیبر پختون خواکی ٹیم افتخار احمد، شعیب ملک اور نبی گل کی عمدہ بیٹنگ کے باعث تین سو کا سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب رہی۔افتخار احمدساٹھ ، نبی گل باون جبکہ شعیب ملک اسّی رن کے ساتھ نمایاں رہے ۔ عمران بٹ نےتینتیس ، محمد رضوان نے تیس اورعادل امین نے تینتالیس رنز بنائے ۔پنجاب کے بلال آصف اور فہیم اشرف نے دو۔ دو ، وکٹیں لیں۔

جواب میں پنجاب کی ٹیم چھیالیس اعشاریہ تین اوورز میں دو سو اٹھہتر رن بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔پنجاب کی طرف سے اکمل برادران کے علاوہ کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔کامران اکمل نے دس چوکوں کی مدد سے ستاون رن کی اننگز کھیلی۔عمر اکمل کے ستتر رنز میں نو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ پنجاب کے دوسرے بلے بازوں میں عمر امین نے انتیس ، فہیم اشرف نےبتیس اوربلال آصف نے ستائیس رن بنائے۔خیبر پختون خوا کی طرف سے عمران خان نے پانچ، وقاص مقصود نے دو جبکہ کاشف بھٹی اور ظفر گوہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔