فٹ بال

  • فٹ بال
  • Jun 13, 2018

فیفا ورلڈ کپ کے لئے جدید ترین ٹیکنولوجی متعارف

فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی نے فیفا ورلڈ کپ 2018 میں متنازع فیصلوں سے بچنے اور منصفانہ نتائج کے لیے ریفری کی معاونت کے لیےجدید ترین ٹیکنولوجی پر مبنی ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم(وی اے آر) متعارف کروا دیا ہے۔
یہ ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم روس کے دارلحکومت ماسکو میں انٹرنیشنل براڈ کاسٹنگ سینٹر میں نصب کیا گیا ہے جو روس کے تمام 11 شہروں کے 12 اسٹیڈیمز سے منسلک ہوگا۔وی اے آر سسٹم میں ایک ویڈیو اسسٹنٹ ریفری ہو گا اور اس کے 3 اسسٹنٹ ہوں گے جو میچ پر کڑی نظر رکھیں گے۔اس کے علاوہ چار ری پلے آپریٹرز بھی ہوں گے جو کسی بھی ریویو لینے کے لیے ہر طرح سے تیار اور ویڈیو ریفری کو بہترین اینگل فراہم کریں گے جس سے باآسانی نتیجہ اخذ کیا جاسکے گا۔گراؤنڈ میں موجود ریفری کسی بھی وقت کسی بھی مشکل فیصلے کو جانچنے اور مدد کے لیے وی اے آر سے رابطہ کر سکے گا ۔اس ٹیکنالوجی کو4 اہم کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا جس میں گول، پینالٹیز، براہ راست ریڈ کارڈ اور کھلاڑی کی غلط شناخت شامل ہے۔
اس سسٹم کا اس سے قبل انگلش پریمیئر لیگ کے ساتھ ساتھ جرمنی اور انگلینڈ کی فٹبال لیگز میں بھی تجربہ کیا جا چکا ہے جہاں یہ انتہائی کامیاب اور مقبول ثابت ہوا۔یہ پہلا موقع ہو گا کہ فٹبال ورلڈ کپ میں ویڈیو ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا ۔