قومی

  • قومی
  • May 16, 2018

وزیر اعظم کی رمضان المبارک کی آمد پرتمام عالم اسلام اور اہل وطن کو مبارک باد

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے رمضان المبارک کی آمد پرتمام عالم اسلام اور اہل وطن کو مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انکا کہنا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔یہ مہینہ اپنی خواہشات اور اپنے نفس پر قابو پانے کی تربیت ہے اس کے ذریعے مومنین میں یہ صلاحیت پیدا ہوجاتی ہے کہ وہ صبراور نظم و ضبط کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ انفرادی اور اجتماعی طور پرکامیابی کا دارومدار نظم و ضبط اور درست سمت کے تعین و پیروی پر منحصر ہوتاہے۔اپنی زندگیوں اور معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے ہمیں اپنے طرزِ عمل کو اس ضابطہ کارکے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی ہمیں ہمارے دین نے راہ دکھلائی ہے۔ انفرادی طور پر جہاں ہمیں نظم و ضبط، قوانین کی پاسداری اور خود احتسابی کے دامن کو مضبوطی سے تھام کر اپنی منزل کے حصول کی طرف بڑھنا ہے وہاں قومی سطح پر ہمیں اپنے اندر اتحاد و اتفاق، رواداری اور مثبت سوچ جیسے اعلیٰ اوصاف پیداکرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اس ماہ مبارک کی برکت سے اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو درپیش مسائل کے حل میں مدد فرمائے۔