قومی

  • قومی
  • Mar 13, 2018

دو ہزار اٹھارہ کا الیکشن ووٹ کی عزت کیلئے ریفرنڈم ثابت ہو گا, محمد نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دو ہزار اٹھارہ کا الیکشن ووٹ کی عزت کیلئے ریفرنڈم ثابت ہو گا ۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے مشن سے وہ کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔
مسلم لیگ ن کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں ہونے والے پرجوش مرکزی کونسل اجلاس میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات کا تفصیلی ذکر کیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ہمارے لئے جمہوری اقدار زیادہ اہم ہیں ، کسی صورت بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے ۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کا تقدس ان کا مشن ہے ۔ قوم وعدہ کرے کہ اس مشن کی تکمیل کیلئے ساتھ دے گی ۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے واضح کیا کہ ہم قومی مفاد پر سمجھوتہ کرنے والوں میں سے نہیں ہیں ۔ہم نے ملک کی ترقی وخوشحالی اور عزت و وقار کیلئے دن رات ایک کیا۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ وہ مصائب برداشت کرنے کے باوجود نہ ہی پہلے کبھی جھکے ہیں اور نہ آئندہ ایسا ہو گا ۔ آئندہ نسل کو پرامن ، خوشحال اور محفوظ پاکستان دیں گے ۔