ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Mar 13, 2018

محمد شہباز شریف مسلم لیگ ن کےبلامقابلہ صدر منتخب

وزیراعلی پنجاب محمدشہباز شریف کو مسلم لیگ ن کا صدر منتخب کر لیاگیاہے ۔ اسلام آبادمیں مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت مسلم لیگ ن کی قیادت اور ملک بھر سے عہدیداروں نے شرکت کی ۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوا۔ مسلم لیگ ن کے قائد محمدنواز شریف ، محمد شہباز شریف ،
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مریم نواز شریف اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچے تو کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور پر جوش نعرے لگائے ۔

مسلم لیگ ن کی صدارت کے لئے آٹھ کاغذات موصول ہوئے جن میں صرف شہباز شریف کو نامزد کیا گیا ۔ محمدشہباز شریف کو باضابطہ طورپر پارٹی کا بلامقابلہ صدر منتخب کیا گیا۔

پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے محمدشہباز شریف کو گزشتہ ماہ پارٹی کا قائم مقام صدر منتخب کیا تھا۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے شہباز شریف کو پارٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔ نو منتخب صدر شہباز شریف نے مرکزی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کا صدر بننا میرے لئے اعزاز کی بات ہےتاہم مجھ سمیت پارٹی کا کوئی ورکر نواز شریف کی جگہ نہیں لے سکتا۔

محمد شہباز شریف نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام کیساتھ تبدیلی کےنام بہت بڑا فراڈ ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے عوام کی بہبود کیلئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے اور ملکی دفاع کو نا قابل تسخیر بنایا۔

محمد شہباز شریف نے کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ ہمارے لیڈر کے ساتھ نا انصافی ہوئی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ محمد نوازشریف کیساتھ زیادتی کے ازالے کا دن ضرور آئے گا۔
مرکزی کونسل کے اجلاس میں چھ قراردادیں بھی منظور کی گئیں جن میں محمدنواز شریف پر بھرپور اعتماد اور ان کے بیانیے کی مکمل حمایت اور سینٹ انتخابات پر تشویش کی قرارداد شامل ہے۔