قومی

  • قومی
  • Feb 13, 2018

پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا اسی زبان میں جواب دے گا , وزیر دفاع

وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا اسی زبان میں جواب دے گا اور کسی بھی جارحیت ،تذویراتی غلط فہمی اورمہم جوئی کی شدت ،طریقہ یامحل وقوع سے قطع نظر بھرپور جوابی کارروائی کرے گا اور برابری کی بنیاد پر بھرپورجواب دےگا ۔منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں وزیردفاع نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی ٹھوس ثبوت کےبغیر پاکستان پر الزام لگانے کے بھارت کو پاکستان کے خلاف ریاستی سطح پر کی جانے والی سازشوں کو روکنا چاہیے ۔وزیردفاع نے کہاکہ کلبھوش یادیو اس کا زندہ اور جیتا جاگتاثبوت ہے جو کہ پوری دنیاکے سامنے ہے ۔انہو ں نے کہاکہ بھارت گیارہ سال قبل اسی ہفتے میں سمجھوتہ ایکسپریس میں ہونے والی دہشتگردی میں بیالیس پاکستانیوں کے قتل پرانصاف کی فراہمی میں ناکام رہاہے ۔خرم دستگیر خان نے اپنے بیان میں مزیدکہاکہ بھارت درحقیقت ورکنگ باؤنڈر ی اور لائن آف کنٹرول پر دوہزار سترہ سے پانچ گنا زیادہ فوجی حملوں اور ایٹمی ڈیٹرنس کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کر خطے میں عدم استحکام پیداکررہاہے ۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل چوکس اورتیاری کی حالت میں ہیں اور وہ اپنی علاقائی یکجہتی اورملکی استحکام اور دفاع کےلئے بھرپور تیار ہے۔وزیردفاع نے کہاکہ مسلح افواج کو زمینی ،بحری اور فضائی حدود کا دفاع کرنے کے سلسلے میں عوام کی بھرپور اورمکمل حمایت اورتعاون حاصل رہےگا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف بھارتی حکومت کی ممکنہ تذویراتی غلط فہمی پر مبنی کارروائی س جنوبی ایشیا بھر کا سٹریٹجک استحکام متاثرہوگا ۔