قومی

  • قومی
  • Feb 13, 2018

کابل, چیف آف ڈیفنس کانفرنس

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کابل میں چیفس آف ڈیفنس کانفرنس میں شرکت کی ۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس میں یو ایس سینٹکام اور ریزولوٹ سپورٹ مشن کے کمانڈروں سمیت افغانستان ،قازقستان ،کرغزستان ، تاجکستان ،ترکمانستان اور ازبکستان کے آرمی چیفس نے شرکت کی ۔بیان میں کہاگیاہے کہ کانفرنس میں خطے میں امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے امن و استحکام کا راستہ افغانستان سے گزرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ خطے الگ الگ ملکی سطح پر نہیں بلکہ مجموعی طور پر ترقی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کردیئے ہیں تاہم کچھ عناصر افغان مہاجروں اور غیرمؤثر سرحدی نظام کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے دہشت گرد عناصر کاآپریشن رد الفساد کے ذریعے خاتمہ کیاجارہاہے ۔
آرمی چیف نے یقین دلایا کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہورہی اور پاکستان بھی دوسرے ملکوں سے یہی توقع رکھتاہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون پر مبنی سوچ اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔