بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • Jan 10, 2018

شمالی اور جنوبی کوریا مشترکہ سرحد پر کشیدگی کم کرنے پر متفق

شمالی اور جنوبی کوریا مشترکہ سرحد پر کشیدگی کم کرنے کے لئے مذاکرات کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔
یہ اتفاق رائے دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ دو برس میں ہونے والےاعلیٰ سطح مذاکرات میں طے پایا ہے۔اس سے پہلے بات چیت میں جنوبی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کے معاملے کو شامل کرنے کی تجویز دی تھی جسے شمالی کوریا نے مسترد کر دیا تھا۔دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے نئے معاہدے کے تحت شمالی کوریا فروری میں جنوبی کوریا میں ہونے والے موسمِ سرما کے اولمپکس مقابلوں میں اپنے کھلاڑی بھیجنے پر بھی رضامند ہو گیا ہے۔جنوبی کوریا کی حکومت کے بیان کے مطابق دونوں ممالک فوجوں میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ہاٹ لائن کو بحال کرنے پر بھی متفق ہو گئے ہیں تاہم جوہری تخفیف کے معاملے میں شمالی کوریا کے وفد کا رویہ منفی تھا۔مذاکرات کے بعد جاری ہونے والےمشترکہ بیان میں دونوں ملکوں نے تعلقات میں بہتری کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر رابطے جاری رکھنے کے علاوہ کچھ دیگر شعبوں میں بھی تعاون پر اتفاق کیا تاہم اس بارے میں مزید وضاحت نہیں دی گئی۔امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ مستقبل میں ہونے والی بات چیت میں شامل ہونے میں دلچسپی رکھتا ہے۔چین نے بھی شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات کا خیرمقدم کیا ہے۔