قومی

  • قومی
  • Jan 03, 2018

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری نقصان اٹھایا, محمد نواز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے امریکی صدر کے ٹویٹ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں امداد کے طعنے نہ دئیے جائیں ۔امریکہ کو احسان جتانے کی بجائے کسی سپورٹ کا بھی مطالبہ نہیں کرنا چاہیے ۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کی تقدیر شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات سے جڑی ہے ۔

پنجاب ہاؤس میں نیوز کانفرنس میں سابق وزیراعظم محمدنواز شریف نے ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی اظہار خیال کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری نقصان اٹھایا۔ ہم سترہ برس سے ایسی جنگ میں الجھے ہوئے ہیں جو بنیادی طور پر ہماری نہیں تھی ۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بے پناہ جانی و مالی نقصان کے باوجود دنیا ہمارے بارے میں سوال اٹھاتی ہے ۔ہمیں خود احتسابی کو یقینی بناتے ہوئے اپنے عمل کا بھی محاسبہ کرناچاہیے ۔

موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمدنواز شریف نے کہا کہ موجودہ سال الیکشن کا سال ہے ۔ انتخابی عمل کے حوالے سے بدقسمتی سے ہماری تاریخ کوئی اچھی نہیں ۔ملک کی تقدیرمنصفانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات سے جڑی ہے ۔ کسی ایک جماعت کی بجائے تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع ملنے چاہیں اورعوامی رائے کا احترام ہوناچاہیے۔

سابق وزیراعظم محمدنواز شریف نے کہا کہ لیاقت علی خان سے لے کر آج تک کوئی بھی وزیراعظم اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرسکا ۔ غلام جمہوریت آمریت کی شکل ہوتی ہے ، ہمیں ووٹ کے تقدس کو ہر صورت یقینی بناناہوگا۔