ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Dec 08, 2017

امریکی اقدام کیخلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قراردادمنظور

امریکہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے فیصلے کو فوری واپس لے ۔ امریکی فیصلہ مسلم امہ پر براہ راست حملہ ہے ۔ قومی اسمبلی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف متفقہ قرارداد مذمت منظور کرلی ۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا ۔ سپیکر نے ایوان کو ہاؤس بزنس ایڈوائزری میں ہونے والے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ معمول کے ایجنڈے کو معطل کرکے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے اور وہاں پر اپنا سفارتخانہ منتقل کرنے کے فیصلے پر بحث کی جائے گی ۔

امور کشمیر و گلگت بلتستان کے وفاقی وزیر چوہدری برجیس طاہر نے ایوان میں متفقہ قرارداد مذمت پیش کی ۔ قرارداد میں کہاگیاہے کہ امریکی صدر کا یہ فیصلہ اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور مسلم امہ پر براہ راست حملہ ہے ۔ حکومت فوری طور پر اسلامی تعاون تنظیم کو مسئلے کے حل کے لئے متحرک کرے ۔

قرار داد پر اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے سیدنوید قمر ،تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی ،جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اور وفاقی وزیر مولانا امیرزمان ، ایم کیوایم کے خالد مقبول صدیقی ،مسلم لیگ فنگشنل کے غوث بخش مہر ،جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ ، اے این پی کے حاجی غلام احمدبلور ،مسلم لیگ ضیاء کے اعجاز الحق ،قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمدخان شیرپاؤ ،فاٹا کے رکن ڈاکٹر غازی گلاب جمال ،مسلم لیگ نون کے محمود بشیرورک اورپختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی نے کہاکہ امریکہ کا یہ اقدام اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کی توثیق کے مطابق ہے جس سے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو فی الفور اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا چاہیے بصورت دیگر اس سے خطے اور دنیا کا امن تباہ ہوجائے گا۔ ارکان نےکہاکہ امریکی صدر کے فیصلے کی مذمت کے ساتھ ساتھ مسلم امہ امریکہ کا بائیکاٹ کرے اورپاکستان میں امریکی سفیر کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکی صدر کے فیصلے سے مسلم امہ کو اتحاد کی طرف جانے کا ایک اور موقع ملا ہے ۔

وقفہ سوالات میں امور داخلہ کے وزیرمملکت طلال چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ریلوے ملازمین کی انشورنس کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹل کوہاٹ ریلوے ٹریک انیس سو اکانوےسے بند ہے ۔

پارلیمانی سیکرٹری مائزہ حمید نے بتایا کہ اسلام آباد کے چار سو چوبیس سکولوں میں سےدوسوسکولوں کی اپ گریڈیشن رواں ماہ مکمل ہو گی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم تعلیمی
اصلاحات پروگرام کے تحت میرٹ پر داخلہ پالیسی اولین ترجیح ہے۔

ہوابازی ڈویژن کے پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہاکہ پی آئی اے کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے طیارے کی جرمنی میں فروخت کی ایف آئی اے تحقیقات کررہاہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ معاملے کے اصل ذمے داروں کو سامنے لایاجائے ۔

ایوان میں میجر اسحاق شہید ، ایڈیشنل آئی جی خیبر پختونخوا اشرف نور شہید، پشاور دہشت گردواقعے اور ٹھٹھہ کے کشتی حادثے میں جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ صاحبزادہ یقوب خان نے قومی اسمبلی میں دعا کرائی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی ہوگیا۔