ٹینس

  • ٹینس
  • Nov 14, 2017

لندن:بیلجئیم کے گوفن کی نڈال کو اپ سیٹ شکست

لندن میں جاری ٹینس سیزن کے آخری ٹورنامنٹ’اے ٹی پی فائنلز‘میں بیلجئم کے’ڈیوڈ گوفن‘نے سپین کے’رافائنل نڈال‘کو ہرا کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔’اے ٹی پی فائنلز‘کے لیے پہلی مرتبہ کوالیفائی کرنے والے بیلجیم کے ڈیوڈ’گوفن‘نے دو گھنٹے سینتیس منٹ جاری رہنے والے میچ میں سات چھ،چھ سات اور چھ چار سے کامیابی حاصل کی۔’نڈال‘ میچ کے نصف حصے تک آزادانہ طور پر کھیل رہے تھے تاہم اس کےبعد’نڈال‘ کے گھٹنے کی تکلیف نے ان کو آلیا۔’گوفن‘نےدوسرے سیٹ میں چار میچ پوائنٹس ضائع کیے تاہم پھر بھی وہ سیٹ سات چھ سے جیتنے میں کا میاب رہے اور میچ ایک ایک سے سیٹ سے برابر ہوگیا۔تیسرے سیٹ میں’گوفن‘نےدو مرتبہ’نڈال‘کی سروس بریک کی اور چار ایک کی برتری حاصل کر لی لیکن’نڈال‘نے ایک مرتبہ پھر کم بیک کیا سیٹ چار چار گیم سے برابر کردیا۔بلاآخر’گوفن‘نے پانچ چار کی برتری حاصل کی اور پانچویں میچ پوائنٹ پر’ایس‘سروس کھیلتے ہوئے سولہ مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپین’نڈال‘کیخلاف اپنے کرئیر میں پہلی مرتبہ فتح حاصل کی۔

’اے ٹی پی فائنلز‘میں’گوفن‘کےہاتھوں دلخراش شکست کےبعد عالمی نمبر ایک’نڈال‘نے رپورٹرز سے انٹرویو میں کہا کہ اُن کے لیے ٹینس سیزن ختم ہوگیا ہے۔نڈال نے کہا کہ انہوں نےایونٹ کے لیے ہر ممکن تیاری کی تھی اور گھٹنے کی تکلیف شروع ہونے کے بعد جس حد تک ممکن ہوسکا وہ اس سے لڑے ۔نڈال نے کہا کہ معاملہ رینکنگ کا نہیں بلکہ تکلیف کا ہے جو اب اُن کی برداشت سے باہر ہے اور مزید کھیلناممکن نہیں ۔نڈال نے مزید کہا کہ انہوں نے پورا زور لگایا اور تکلیف کے باوجود جس مارجن سے وہ ہارے یہ کسی معجزے سے کم نہیں۔

’’پیٹ سمپراس ‘‘گروپ ایک اورمیچ میں بلغاریہ کے’گریگور دمیتروف‘نے آسٹریا کے’ڈومنیک تھیم‘کو چھ تین،پانچ سات اور سات پانچ سے ہرایا۔’دمیتروف‘’اے ٹی پی فائنلز‘ کی اڑتالیس سالہ تاریخ میں پہلے بلغارین کھلاڑی ہیں جنہوں نے’اے ٹی پی فائنلز‘کےلیے کوالیفائی کیا ہے۔