بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • Oct 10, 2017

امریکہ نےپاسدارانِ انقلاب کو دہشت گردتنظیم قرار دیاتو منہ توڑ جواب دیں گے:ایران

ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نےپاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ایران کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اس بات کا امکان ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اس ماہ ایران کے جوہری معاہدے کی توثیق ختم کر دیں گے۔جوہری معاہدے کی توثیق واپس لینے کے بعد امریکی کانگریس ایران پر پابندیاں عائد کر سکتی ہے اور توقع ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے خلاف سخت پالیسی اپناتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیں۔ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان بارہم قاسمی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ امریکہ یہ سٹریٹیجک غلطی نہیں کرے گا۔ترجمان نے کہا کہ امریکہ نے اگر ایسا کیا تو ایران کا ردعمل بھی فیصلہ کن، مستحکم اور منہ توڑ ہو گا اور امریکہ کو تمام نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔پاسداران انقلاب سے وابستہ مختلف افراد اور کمپنیاں پہلے ہی امریکہ کی غیر ملکی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہیں۔پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر محمد علی جعفری نے کہا کہ اگر امریکہ کی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کی احمقانہ اقدام کی خبر درست ہے تو پھر دنیا بھر میں امریکی افواج بھی شدت پسند تنظیم داعش کی طرح ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے سے مستقبل میں امریکہ سے مذاکرات کا راستہ بند ہو جائے گا اور خطے میں امریکہ کو عسکری اڈے ایران کے میزائلوں کی حدود سے باہر بنانا ہوں گے۔