قومی

  • قومی
  • Sep 13, 2017

پاکستانی سفارتخانے اقتصادی اور تجارتی سفیروں کے طور پر کام کریں: وزیراعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے زیر صدارت اجلاس میں تجارتی توازن کے جائزے اور برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزارت تجارت نے برآمدات کے فروغ اور درآمدات پر قابو پانے کیلئے مختصر اور درمیانے مدت کے کئی اقدامات تجویز کئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ہدایت کی کہ کوئی بھی ایساقدم نہ اٹھایا جائے جس سے ملک کی اقتصادی شرح نمو اور معاشی ترقی پر اثر پڑے۔ اجلاس میں جی ایس پی پلس درجہ ملنے کے بعد یورپی منڈیوں کیلئے برآمدات بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعظم نے کہاوہ چاہتے ہیں کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے اقتصادی اور تجارتی سفیروں کے طور پر کام کریں۔ وزیراعظم نے محکمہ شماریات کی طرف سے برآمدات کے حوالے سے اعدادوشمار پر نظر ثانی کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ رپورٹس کو عام کرنے سے پہلے انکی باقاعدہ توثیق کی جانی چاہیے ۔ وزیراعظم نے اس امر کو سراہا کہ گزشتہ ماہ تجارتی حجم میں مجموعی طور پر بہتری آئی ہے۔۔