قومی

  • قومی
  • Aug 29, 2016

مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئےمزید ارکان پارلیمنٹ کے نام بھجوا دیئے گئے

کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگرکرنےکیلئے سپیکرقومی اسمبلی نے خصوصی نمائندوں کی فہرست میں شامل کرنے کےلئے تمام سیاسی جماعتوں سے مزید ارکان پارلیمنٹ کے نام بھجوا دیئے ہیں ۔
وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کو مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پراجاگرکرنے کےلئے نامور ارکان پارلیمنٹ کے نام بھجوانے کی درخواست کی گئی تھی ۔ترجمان کے مطابق اس سے پہلے میڈیا کو جاری ہونے والی فہرست کو حتمی نہ سمجھا جائےسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر سے مزید نام بھجوائے جانے کی توقع تھی جنہیں فہرست میں شامل کیاجانا تھا ۔ترجمان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کے حق خودا رادیت کی حمایت ایک قومی اقدام ہے اس لئے خصوصی نمائندوں کی فہرست میں تمام سیاسی جماعتوں کی مکمل نمائندگی انتہائی ضروری ہے ۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق فہرست میں شامل کرنے کےلئے سینیٹرز کے ناموں کا بھی انتظارہے جو اگلے چند روز میں موصول ہونے کی توقع ہے ۔ترجمان کےمطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے ارکان کی نامزدگی مکمل ہونے کےبعد فہرست میں شامل خصوصی نمائندوں کو دفترخارجہ میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی تاکہ وہ مسئلہ کشمیرکو بہتر انداز میں دنیا میں اجاگرکرسکیں ۔